تم کونسی حد تک جاو گے؟

Posted by AK in 1. Islam, Daily life, In Pakistan, Poetry | 4 Comments

اس دور نئے کا کام نیا
ہم نے دیکھا اسلام نیا
توحید، رسالت، نام وہی
پر اندر سے پیغام نیا

اک مولوی سے ملاقات ہوئ
اک بم جو پھٹا دربار میں تھا
اس پر بھی تھوڑی بات ہوئ
وہ کہنے لگے کہ خیر ہے سب
انہیں کچھ تو سبق ملا ہوگا
جو پیر بچا نہ پایا انہیں
اس پیر کو کیسی مات ہوئ
میں چلا تھا داتا صاحب کو
یہ بات سنی تو ٹھہر گیا
بس یہیں سے لمبی رات ہوئ

وہ وعظ کے موڈ میں لگتے تھے
سو کہنے لگے
یہ پیر ولی تو ڈرامے ہیں
یہ کس کو کیا دے سکتے ہیں
اللہ سے مانگو، کافی ہے
کچھ اور کسی کے پاس نہیں
یہ نبی ﷺ کو زندہ کہتے ہیں
انہیں موت پہ بھی وشواس نہیں
زندہ ہو کوئ یا مردہ ہو
کوئ عام نہیں کوئ خاص نہیں
جو چلے گئے سو مٹی ہیں
مٹی سے کسی کو آس نہیں
بس فرض عبادت کو سمجھو
اس سے زیادہ کچھ راس نہیں
تم خود ہی قریب ہو اللہ کے
کوئ اور زیادہ پاس نہیں

میں رہ نہ سکا تو بول پڑا
اچھا گر ایسا ہی کہیے
پھر نبی ﷺ کا آنا کیسا تھا؟
اللہ دلوں کو سکھا دیتا
آقا ﷺ کا پڑھانا کیسا تھا؟
’اللہ احد‘ ہی کافی تھا
وہ ’قل‘ فرمانا کیسا تھا؟
گر فرض عبادت کافی ہے
(اور عشق نبی ﷺ کا فرض نہیں)
بھر آنکھ علیؑ کا آنسو سے
سجدوں کو بھلانا کیسا تھا؟
اور نبی ﷺ کے بس میں کچھ نہیں تو
پھر ہاتھ کے ایک اشارے سے
سورج پلٹانا کیسا تھا؟
اور سب کے سب اصحابِؓ نبی
کا دعا کرانا کیسا تھا؟
وہ خواب سنانا کیسا تھا؟
خود کو بخشوانا کیسا تھا؟
ایوب و بلال کا آ آ کر
مرے پیارے نبی ﷺ کے روضے پر
وہ سر کو جھکانا کیسا تھا؟
وہ چومتے جانا کیسا تھا؟

ارے بس بس بس
تم کونسی باتیں کرتے ہو؟
یہ کیسا لگا ہے دھیان تمہیں؟
یہ ساری حدیثیں کچی ہیں
یہ کس نے سنایا بیان تمہیں؟
کہیں اہلِ شرک سے نہ پڑھ لینا
آو ہم پڑھائیں قرآن تمہیں
ہر بدعت سے بچ جاو گے
سکھلائیں گے ایمان تمہیں
لو گھر لے جاو اور بانٹو
سب مفت کتابیں دان تمہیں

اتنا کہہ کر بستہ کھولا
اک بنڈل دے مرے ہاتھوں میں
ہوں گویا ہوے
یہ پکڑو بخاری، مسلم بھی
یہ تخریجِ البانی ہے
ہے اردو میں، انگریزی میں
یہ خاں صاحب کی زبانی ہے
اور یہ تفسیر سنبھالو تم
یہ راہبرِ قرآنی ہے
اک یہ والی ہی سچی ہے
باقی سب ایک کہانی ہے
یہ سی ڈی لو مولانا کی
اردو ہے، پاکستانی ہے
زرا غور سے سننا اسکو تم
یہ شمعِ ایمانی ہے
گر یہ سب تم نہ پڑھ پاو
پھر گوگل راہِ ثانی ہے
جب سرچ تمہاری رہبر ہو
پھر نہ پڑھنا نادانی ہے
بس پڑھو یہ سب اور خوب پڑھو
خود پڑھنا طورِ زمانی ہے
تقلید ہو کیوں اک مذہب کی
جب بحرِ علم کی روانی ہے

ارے مولوی صاحب بس کیجے
یہ کہیے سلف کیا کرتے تھے؟
کیا پاس نبی ﷺ کے جاتے تھے
یا کھول کتابیں پڑھتے تھے؟
اچھا نبی ﷺ کے بعد کا ہی کہیے
کیوں عائشہؓ، علیؑ سے پڑھتے تھے؟
کیا ابنِ مسعودؓ اور ابنِ عمرؓ
گوگل پہ سرچیں کرتے تھے؟
اور ابنِ عباسؓ کے فیصلے سب
کیا انٹرنیٹ پہ ابھرتے تھے؟
اور کہیے بخاری، مسلم کا
تقلید نہیں کیا کرتے تھے؟
ارے وہ تو خود سے محدث تھے
کیوں مسلک فالو کرتے تھے؟

کچھ بن نہ پڑا تو کہنے لگے
میاں بحث میں مت الجھاو تم
گھر جا کے پڑھو، سب لکھا ہے
تم شرک میں الجھے کیا جانو
مولانا کو سن کر سمجھو گے
بس اللہ کا ہی سکہ ہے

یہاں ضبط کا دامن چھوٹ پڑا
میں بھرا ہوا تھا، پھوٹ پڑا
ارے کیسی رٹ لگائ ہے
یہ مولانا مولانا کی؟
کیوں آپ کو آگ سی لگتی ہے
جب کہتا ہوں میں ’مولا علیؑ‘
مولانا کا مطلب پتا ہے کیا؟
اردو میں ’ہمارے مولا جی‘
یہاں ہر بندہ مولانا ہے
اک نہیں تو بس مرے مولا علیؑ؟
جنہیں نبیﷺ نے مولا کہا ہوگا
ان علیؑ کی کیسی شاں ہو گی
ہم نبیﷺ، علیؑ کے عاشق ہیں
توحید ہمیں نہ عیاں ہو گی؟

ہاں اللہ کا ہی سکہ ہے
اور ایک وہی لافانی ہے
وہ واحد ہے، وہ یکتا ہے
ہاں اسکا نہیں کوئ ثانی ہے

جس رب سے ڈراتے ہو ہم کو
ہم پیار اسی سے کرتے ہیں
ہم خوف سے زیادہ، پیارے کی
ناراضگیوں سے ڈرتے ہیں

ہاں اللہ سے ہے پیار ہمیں
اور پیار ہے اس کے پیاروں سے
کیوں صرف کتابوں سے سیکھیں؟
ہم سیکھیں اصل سہاروں سے

ہمیں شرک کا طعنہ دیتے ھو
کیا اللہ کو سمجھاو گے؟
کیا اس پر روک لگاو گے؟
وہ کہے نبیﷺ کے پاس چلو
تم حکم کو کیا جھٹلاو گے؟
وہ کہے کہ نبیﷺ ہی بخشیں گے
تم توبہ کرتے جاو گے؟
وہ کہے کہ مانگو بندوں سے
تم شرک اسے بتلاو گے؟
وہ کہے کہ مردے سنتے ہیں
کیا تم بہرے بن جاو گے؟
وہ کہے کہ ولی کو قدرت دی
تم چوہدری خود بن جاو گے؟
وہ کہے میں سنتا ولی کی ہوں
تم اس پہ شور مچاو گے؟
فرمان جو اہلِ کفر پہ ہیں
وہ فتوے ہم پہ لگاو گے؟
جو شرک اور قبر پرستی ہے
اس میں مومن گنواو گے؟
کسی اور قبر کی لاجک سے
کتنے دربار گراو گے؟
بس وقت زرا سا باقی ھے
جب رو گے تم، پچھتاو گے
جس جس کا خون ہے دامن پر
آنسو سے نہیں دھو پاو گے
جس جس کو مشرک کہتے ہو
اس کے پاوں پڑ جاو گے
تب توبہ روٹھ چکی ہو گی
تم بگڑی کیسے بناو گے؟
لے کر امید شفاعت کی
کیا پاس نبیﷺ کے جاو گے؟
کیا شکل انہیں دکھلاو گے؟

ابھی وقت ہے، اب بھی بس کر دو
تم کونسی حد تک جاو گے؟
تم کونسی حد تک جاو گے؟

4 Responses to تم کونسی حد تک جاو گے؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *